امریکہ سے ملک بدر 45 پاکستانی وطن پہنچ گئے


اسلام آباد:امریکہ نے مختلف جرائم میں ملوث قرار دیے جانے والے 45 پاکستانیون کو ملک بدر کردیا۔ ملک بدر کئے جانےوالوں کو لے کر خصوصی امریکی طیارہ پاکستان پہنچا۔ وطن واپس آنے والے پاکستانیوں سے حکام نے تفتیش شروع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکہ نے دہشت گردی، منشیات فروشی، ڈکیتی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سمیت مختلف جرائم میں ملوث پائے جانے والے 107 افراد کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے گرفتار 107 افراد کی شہریت کی تصدیق کے لیے پاکستانی حکام کو خط بھیجا گیا تھا۔

پاکستانی حکام نے خط ملنے پر 107 میں سے 52 افراد کے متعلق تصدیق کی کہ وہ پاکستانی ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکی حکام نے 52 افراد کو ملک بدر کرنے کے لیے خصوصی طیارے سے پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی وفاقی وزارت داخلہ نے امریکی خصوصی پرواز کو 17 مئی کے دن پاکستان آنے کی اجازت دی تھی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے خصوصی اجازت ملنے کے بعد خصوصی امریکی طیارے این 342 اے ایکس نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد لینڈ کیا۔

اطلاعات کے مطابق امریکی طیارہ 52 کے بجائے 45 پاکستانیوں کو لے کرآیا ہے۔ آنے والے پاکستانیوں سے ایئرپورٹ حکام تفتیش کررہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں