سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا ن لیگ کی خصلت ہے، نعیم الحق


اسلام آباد: تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی جانب سے عمران خان کی بریت کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے رد عمل میں مرکزی رہنما نعیم الحق نے کہا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا مسلم لیگ ن کی خصلت میں شامل ہے لیکن اس انتقامی حربے سے عمران خان خوفزدہ ہوں گے نہ نواز شریف کی خفت میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جیسے قومی ہیرو پر دہشت گردی کا مقدمہ قائم کرنے سے پہلے مسلم لیگ ن کی قیادت کو سوچنا چاہیے تھا، عمران خان کے خلاف مقدمہ خالصتاً نفرت اور بغض کی بنیاد پر قائم کیا گیا، احسن اقبال نے اپنی اصلاح کرنے کے بجائے فیصلے کو چیلنج  کرکے ایک اور غلط  قدم اٹھایا ہے۔

نعیم الحق نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مفصل سماعت کے بعد عمران خان کو باعزت بری کیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے عدالت کا قیمتی وقت اس بیہودہ مقدمے پر ضائع کیا۔

انہوں نے مسلم لیگ ن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مقدمہ تو ان کے خلاف بنتا ہے جو کالعدم تنظیمیں پالتے اور ماڈل ٹاؤن میں نہتے شہریوں کا قتل عام کراتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف دہشت گردی کے قانون کا سیاسی استعمال روکے گی۔


متعلقہ خبریں