پنجاب اور سندھ اسمبلی میں نواز شریف کے خلاف قراردادیں پیش


لاہور/ کراچی: سابق وزیراعظم نواز شریف کے قومی اداروں کے خلاف متنازعہ بیان پر پنجاب اور سندھ اسمبلی میں قراردادیں جمع کرا دی گئی ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رکن محمد عارف عباسی نے قرارداد جمع کرائی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد عدلیہ، فوج اور نیب کے خلاف استعمال کی گئی زبان ملکی سلامتی کے لیے خطرناک اور ملک دشمن قوتوں کے بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے بیانات ریاستی اداروں خصوصاً قومی احتساب بیورو ( نیب ) کے فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہے، ممبئی حملے پر نوازشریف نے اپنے بیان سے دنیا میں پاکستان کی مشکلات میں اضافے کی کوشش کی ہے۔

پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کے حالیہ بیان کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم ( جے آئی ٹی ) تشکیل دی جائے اور نوازشریف اور ان کے خاندان کے بھارتی بزنس مین سجن جندال کے ساتھ کاروباری معاملات کی تحقیقات کی جائے۔

نواز شریف کے متنازعہ بیان پر سندھ اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن جماعتیں بھی متحد ہوگئیں اور ایوان میں مشترکہ قرار داد پیش کی۔

قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے بیان سے پوری قوم کی دل آزاری ہوئی ہے، نواز شریف نے آئین پاکستان کے حلف کی خلاف ورزی کی ہے، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں۔


متعلقہ خبریں