ملک بھر میں طوفان باد و باراں سے دس افراد جاں بحق، چار لاپتہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت، خیبرپختونخوا، فاٹا اور پنجاب کے مختلف حصوں میں طوفان باد وباراں سے دس افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کے مطابق باجوڑایجنسی میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث  مدرسے کی چھت گر گئی جس سے  چھ  طالب علم جاں بحق ہو گئے اور متعدد زخمی ہوئے، پنجاب کے ضلع بھکرمیں ایم ایم ملتان روڈ پرآندھی اور بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے گھر کے چار افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرایجنسی میں بارش کے ریلے میں چار افراد بہہ گئے، ریلے میں بہنے والے دو افراد کار میں سوار تھے،  تمام ایجنسیوں میں طوفان سےکھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

این ڈی ایم اے کا کنٹرول روم مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، دیگر ایجنسیوں میں جانی نقصان کی معلومات اکھٹی کی جا رہی ہیں۔

ضلع ہنگو اوراورکزئی ایجنسی میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ  طوفانی بارش جاری رہی۔ لوئر دیر، چکدرہ اور اس کے گردونواح  کا علاقہ گردوغبار کے طوفان کی زد میں رہا۔ دیر بالا میں تیز آندھی اور طوفانی ہواوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور واڑی، عشیری، دسکوڑ، گندیگار اور دیگر مقامات پر صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

مردان اورگرد و نواح میں آندھی اور طوفان کے بعد بارش شروع ہو گئی جس کے باعث شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

 پنجاب

اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے باعث کئی سائن بورڈز اکھڑ گئے اور بجلی کا نظام متاثر ہوا، جڑواں شہروں میں آندھی کے بعد تیز بارش بھی ہوئی جس سے ٹریفک میں خلل پڑا اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔

طوفان باد وباراں کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا، ذرائع کے مطابق متعدد پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی اور کچھ  قومی اور بین الاقوامی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف حصوں میں بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ شہر بھر میں بارشوں کا سلسلہ 20 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ضلع گوجرانولہ کی تحصیل کامونکی میں بادلوں کے ساتھ تیز ہوا چلنے کی وجہ سے موسم میں خوشگوار تبدیلی آ گئی، حافظ آباد اور گردونواح میں ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ حسن ابدال اور گردونواح میں بھی شدید بارش سے موسم بہتر ہو گیا۔

بلتستان کے ضلع کھرمنگ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا، تیز ہوا نے علاقے کو تاریکی میں ڈبو دیا جب کہ کئی علاقوں میں سائن بورڈز اور بجلی کے کھمبے گر گئے، آندھی اور بارش کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی ترسیل جزوی طور پربند ہو گئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری  ہے جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ ضلع کوٹلی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوتی رہی جس کی وجہ سے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔


متعلقہ خبریں