جے ایس بینک فراڈ کیس، ملزمان کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا فیصلہ


کراچی: جے ایس بینک فراڈ کیس میں عدالت نے ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق جے ایس بینک کی 2 برانچز میں سونے اور رقم کے فراڈ سے متعلق کیس میں تحقیقاتی ٹیم نے گرفتار ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

تحقیقاتی ٹیم جلد ملزمان کے بینک اکاؤنٹس کی بندش کے لیے اسٹیٹ بینک کو خط لکھے گی۔

تفتیشی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کی بینک ٹرانزکشنز کی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی اور جن افراد کے شناختی کارڈز پر بینک سے قرضہ لیا گیا ہے ان سے بھی تحقیقات کی جائے گی۔

تفتیشی حکام کے مطابق پولیس کی تحقیقاتی ٹیم گرفتار ملزمان کی پراپرٹی سمیت دیگر اثاثوں کی جانچ پڑتال کرے گی۔

ایسٹ زون انویسٹی گیشن پولیس آج گرفتار ملزمان کو بینکنگ کورٹ میں پیش کرے گی اور عدالت سے ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: جے ایس بینک کے ملازمین نے اپنے ہی بینک کو 75 کروڑ کا چونا لگا دیا

دو مقدمات میں اب تک 6 بینک ملازمین سمیت 10 ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں جبکہ جے ایس بینک میں فراڈ کا معاملہ 2 اگست کو آڈٹ کے دوران سامنے آیا تھا۔

ملزمان نے بینک کی سونا دو قرض لو اسکیم کا فائدہ اٹھا کر فراڈ کیا تھا اور قرضہ منظور ہونے سے قبل اصل زیورات دکھاتے اور نقلی زیورات رکھ دیے جاتے تھے۔


متعلقہ خبریں