ہالی ووڈ اسٹارجینیفر اینسٹن بھی ان لوگوں کے خلاف بول پڑیں جو کورونا وائرس کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔
انٹرویو کے دوران اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی سے ان افراد کو نکال رہی ہیں جو کورونا ویکسین لگوانے کے لیے تیار نہیں ہیں، اور وہ ایسا کئی لوگوں کے ساتھ کر بھی چکی ہیں۔
52 سالہ جینیفر نے کہا کہ کچھ لوگ دو سالوں سے حقائق کو ماننے سے انکار کررہے ہیں اور یہی لوگ اپنے ویکسین نہ لگوانے کے فیصلے کو خوف یا پھر پروپیگنڈے کی آڑ میں چھپا رہے ہیں، اور ان کی زندگی میں ایسے لوگوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیلٹا ویریئنٹ انفیکشن پھیلانے میں چکن پاکس جتنا تیز
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ چند ہفتوں میں ان تمام لوگوں سے لاتعلقی اختیار کرچکی ہیں جنہوں نے ویکسین لگوانے سے انکار کیا ہے اور ان سے بھی جو اس بارے میں بات نہیں کر رہے اور یہ عمل ان کے لیے انتہائی افسوسناک ہے۔
مئی میں جینیفر اینسٹن نے انسٹاگرام پراپنے مداحوں کو آگاہ کیا تھا انہوں نے کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوا لی ہے اور ساتھ ہی سب کو جلد سے جلد ویکسین لگوانے کا پیغام بی دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:جینیفر اینسٹن کا اہم منصب پر فائز عالمی خواتین رہنماؤں کو خراج تحسین
اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں 60 فیصد عوام مکمل ویکسینیٹڈ ہو چکی ہے جبکہ 66 فیصد کو ویکسین کی ایک ڈوز لگائی جا چکی ہے۔
امریکا میں ویکسین نہ لگوانے والوں میں زیادہ تر نوجوان، مرد، سیاہ فام اور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں۔
امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی رپورٹ کے مطابق ویکسین لگوانے والے 90 فیصد سے زائد افراد شدید نوعیت کے بیمار نہیں ہوتے، لیکن وائرس کو آگے بڑھانے کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔