وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں طاقت کے ذریعے حکومت کے نفاذ سے تنازع حل نہیں ہو گا، مسلسل کہتا آ رہا ہوں کہ فوج افغان مسئلے کا حل نہیں۔
انہوں نے یہ بات امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات کے دوران کہی جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور افغان امن عمل کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے زلمے خلیل زاد کو افغان امن عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں عدم استحکام پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے، افغان تنازعہ میں شدت سے پاکستان کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی۔ اس سے پاکستان میں مہاجرین کی آمد کا خدشہ ہے۔
افغانستان پہ نگاہ: روس کی امریکہ کو فضائی اڈوں کی پیشکش
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن سے خطے میں معاشی رابطوں کو فروغ ملےگا، مذاکرات اور بات چیت سےافغانستان میں دیرپاامن اور استحکام آئے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پرامن، مستحکم افغانستان کیلئے پاکستان مستقل حمایت کرے گا، محفوظ مغربی سرحد پاکستان کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن کی کوششوں میں امریکہ اور دیگر متعلقہ ممالک سے بہترین تعلقات چاہتے ہیں۔