ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات


اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے پیش نظر کورونا کے پھیلاؤ کے خطرات لاحق ہو گئے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں، وائرس کی مختلف مہلک اقسام کی موجودگی اور عید الاضحی کی آمد کے پیش نظر ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ہائی رسک سیکٹرز میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

این سی او سی کی جانب سے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سےعمل درآمد کے لیے تفصیلی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ ماسک کا استعمال، سماجی فاصلے اور حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں مویشی منڈیوں اور عید سے متعلقہ ایس او پیز کے نفاذ کے لیے بھی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح4فیصد سے بڑھ گئی

گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں جانے والے سیاحوں کی ہوٹل بکنگ کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ ان مقامات کے داخلی راستوں اور ہوٹلوں میں داخلے پر ویکسین سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کے لیے طریقہ کار کا اجرا بھی کر دیا گیا ہے۔

ریسٹورنٹس، جمنازیم، سینما گھروں اور شادی ہالز کی انتظامیہ اور آنے والے افراد کے لیے بھی ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے اور اس کی تصدیق کے لیے بھی خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

بس اڈوں، ریلوے اسٹیشن، اندرون اور بیرون شہر چلنے والی ٹرانسپورٹ، مساجد اور بازاروں کے لیے پہلے سے جاری ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ضلعی اتظامیہ کے لیے تفصیلی چیک لسٹس جاری کر دی گئی ہیں اور خلاف ورزی کرنے والے افراد اور ادارے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جاری کی گئی ہدایات میں انسپکشن کا مفصل طریقہ کار بھی درج ہے۔


متعلقہ خبریں