ٹرین حادثہ: جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان



وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے ادا کرنے کا اعلان کر دیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیر ریلوے اعظم سواتی نے حادثے کی ابتدائی رپورٹ فوری طور پر طلب کر لی ہے۔

انہوں نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو امدادی کاروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایات کی۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی ٹرین حادثے کی جگہ پر پہنچے تو انہیں ڈی ایس سکھر نے حادثے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے اس موقع پر واضح طور پر کہا کہ حادثے کے ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر نے اوباڑو اسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں ںے زخمیوں کی عیادت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلیف آپریشن مکمل ہونے تک یہیں موجود رہوں گا۔

اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ بوگیوں میں پھنسے ہوئے مسافروں کے ریسکیو کا عمل پایہ تکمیل کے قریب ہے۔ ان کا کہنا تھا بوگیوں میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے احتیاط سے کٹنگ کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ریلوے کے اندر مافیا بیٹھا ہوا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی میں ملت اورسرسید ایکسپریس میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 4o افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ٹرین حادثات کی وجہ ریلوے بجٹ میں 60 سے 65 فیصد کٹوٹی ہے، سعد رفیق


متعلقہ خبریں