حکومت مخالف صحافی کو گرفتار کرنے کے لیے یونان سے لیتھوانیا جانے والی ایک پرواز کو زبردستی بیلاروس میں اتار دیا گیا۔
بیلا روس کے سکیورٹی حکام نے جہاز پر سوار ایک سرکردہ اپوزیشن صحافی کو حراست میں لینے کے بعد پرواز کو جانے دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بیلاروس نے جہاز میں بم کا دعوی کرتے ہوئے لیتھوانیا جانے والے ہوائی جہاز کو لینڈ کرنے پر مجبور کرنے کے لیے اپنے ایک لڑاکا لڑاکا طیارے کو بھیجا اور جہاز کو اتاردیا۔
جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق رامان پراٹیسیوچ بیلا روس کی اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ایک نمایاں صحافی ہیں۔ وہ رائن ایئر کی ایک پرواز کے ذریعے یونان سے لیتھوانیا جا رہے تھے جب ان کی پرواز کو بیلا روس کے دارالحکومت مِنسک میں اترنے پر مجبور کیا گیا۔
چھبیس سالہ رامان پراٹیسیوچ کو بیلا روس کی اپوزیشن کی ایک توانا آواز قرار دیا جاتا ہے
جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق یورپی ممالک ممالک نے بیلاروس پر مسافر جہاز اغوا کرنے کا الزام لگا کر اس کی سخت مذمت کی ہے۔
رامان پراٹیسیوچ کی فلائیٹ بیلا روس کی حدود سے گزر رہی تھی جب مقامی فلائٹ کنٹرولر نے فضائی عملے کو جہاز میں بم کے خطرے سے خبردار کیا اور پائلٹ کو ہدایت کی کہ جہاز کو منسک کی ہوائی اڈے پر اتار لیں۔ اس دوران بیلا روس کا ایک جنگی جہاز اس پرواز کے گرد چکر لگاتا رہا۔
مزید پڑھیں: بیلاروس میں انتخابی نتائج کیخلاف شہریوں کا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج
مسافر بردار ہوائی جہاز کے منسک ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد سکیورٹی حکام رامان پراٹیسیوچ اور ان کی روسی گرل فرینڈ کو اپنے ساتھ لے گئے، جس کے بعد جہاز کو اپنا سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔
ڈی ڈبلیو کے مطابق بیلاروس میں صدر لوکاشینکو کی شخصی حکمرانی کے خلاف سرگرم صحافی رامان پراٹیسیوچ کو اس انداز میں حراست میں لیے جانے پر یورپی ممالک نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ امور کے سربراہ یوزیپ بوریل نے جہاز کا راستہ زبردستی تبدیل کرنے کو ایک قابل مذمت اقدام قرار دیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ کاروائی بیلا روس کی طرف سے اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش ہے۔
اس واقعے کے بعد یورپی یونین اور بیلا روس کے تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ یورپی یونین کے پیرسے شروع ہونے والے دو روزہ اجلاس میں یہ معاملہ مرکزی اہمیت حاصل کر گیا ہے۔ توقع ہے کہ اس اجلاس میں بیلا روس کے صدر الیگزانڈر لوکاشینکو کے خلاف مزید کڑا موقف اپنانے پر غور کیا جائے گا۔
ادھر لیتھوانیا کے صدر گیٹانس ناؤزیڈا نے بیلاروس کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ”ریاستی دہشت گردی‘‘ کا واقعہ قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جواب میں بیلا روس کے جہازوں کی یورپی یونین کے ہوائی اڈوں پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کو چاہییے کہ وہ بیلا روس پر سخت پابندیوں کا نفاذ کرے۔
امریکا کے وزیر خارجہ انتونی بِلنکن نے اس واقعے کو اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش قرار دیا اور صحافی رامان پراٹیسیوچ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کے مطابق بیلا روس حکومت نے جبری طور پر ہوائی جہاز کا رخ تبدیل کرکے کئی مسافروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ شہری ہوابازی کی بین الاقوامی کونسل کو اس واقعے کا فوری طور پر نوٹس لینا چاہییے۔