نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی فیصلوں میں حصہ دار بنائیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان سے خطاب میں کہا کہ بھارت مذاکرات سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے جبکہ ہم بھارت سے جنگ نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بات چیت سے نہیں گھبراتے کیونکہ ہم سچائی پر ہیں جبکہ پاکستان کا مؤقف درست اور مضبوط ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کی طرح کشمیر بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے اور میں نے سلامتی کونسل کو 13 خط لکھے ہیں۔ کشمیر کا مقدمہ بھی پیش کر چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں سرچ آپریشن کے نام پر لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔ 5 اگست 2019 کے اقدام سے معاملات بھارت نے بگاڑے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا عدالتی حکم پر عملدرآمد سے متعلق درخواست واپس لینے کا فیصلہ
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی فیصلوں میں حصہ دار بنائیں گے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے لیے قانون سازی کرنے جا رہے ہیں۔