یمن میں سعودی عسکری اتحاد کا فضائی حملہ، چھ ہلاک متعدد زخمی

یمن میں سعودی عسکری اتحاد کا فضائی حملہ، چھ ہلاک متعدد زخمی | urduhumnews.wpengine.com

صنعاء: سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے یمن پر نئے فضائی حملے میں چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی ممالک مارچ 2015 سے یمن پر فضائی حملے کر رہے ہیں۔ حوثیوں باغیوں کا قبضہ چھڑانے کے لئے شروع کردہ حملوں کا انحصار فضائی کارروائیوں پر ہے۔

سعودی عسکری اتحاد کا کہنا ہے کہ دارالحکومت صنعاء سمیت شمالی یمن پر قابض حوثی باغیوں نے ملک کی مسلمہ حکومت کا تختہ الٹا ہے۔

شروع سے اب تک 16 ہزار 305 سے زائد فضائی حملے کئے جا چکے ہیں جن کے نتیجے میں باغی تو واپس نہیں لوٹے البتہ عرب دنیا کے غریب ترین ملکوں میں سے ایک یمن خاصا متاثر ہوا ہے۔

انسانی حقوق کے اداروں، ملکی و بین الاقوامی غیرسرکاری اداروں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق ان حملوں میں اب تک ہزاروں شہری مارے جا چکے ہیں۔ جب کہ لاکھوں بھوک اور ضروریات زندگی سے محرومی کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اب تک کیے گئے فضائی حملوں کا ایک تہائی ایسے مقامات پر کیا گیا ہے جو عسکری شناخت نہیں رکھتے۔ 1491 حملے ایسے اہداف پر کیے گئے جو واضح طور پر رہائشی علاقے تھے۔

212 فضائی حملوں میں اسکولوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ 16 سو اسکولوں کے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے کی وجہ سے 40 لاکھ سے زائد یمنی بچے تعلیمی عمل جاری نہیں رکھ سکے ہیں۔

2015 کے بعد سے اب تک حوثی باغی بھی متعدد بار سعودی حدود میں میزائل گرا چکے ہیں، ان میں سے بیشتر کو سعودی دفاعی میزائل نظام کے ذریعے ناکام بنایا جاتا رہا ہے۔

حالیہ کارروائی اس وقت کی گئی ہے جب چند گھنٹے قبل یمن کی جانب سے کیے گئے ایک حملے میں دو سعودی فوجیوں کو اسنائپر گن کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس واقعہ میں سعودی مرکز کو میزائل حملے کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں