چین نے لیزر لائٹ مارنے کا امریکی الزام مسترد کر دیا

چین نے لیزر لائٹ مارنے کا امریکی الزام مسترد کر دیا | urduhumnews.wpengine.com

بیجنگ: چین نے اس امریکی الزام کا انکار کر دیا ہے جس میں جبوتی میں چینی فوجی اڈے کے قریب امریکی جہازوں پر لیزر لائٹ مارے جانے کے نتیجے میں پائلٹوں کے زخمی ہونے کا دعوی کیا گیا تھا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہو چنینگ کا کہنا ہے کہ سخت چھان بین کے بعد ہم امریکہ کو پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ ان کا الزام کلی طور پر غٖلط ہے۔

چین کی وزارت دفاع کی جانب سے بھی اسی سے ملتا جلتا بیان جاری کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق امریکی الزام کا جواب طے شدہ طریقے کے تحت ان تک پہنچا دیا گیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ان کا ملک عالمی اور مقامی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ خطے کے امن اور استحکام کو یقینی بناتا ہے۔

امریکہ کی جانب سے چین کو شکایت کی گئی تھی کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران اس کے جنگی جہازوں کو متعدد مواقع پر لیزر لائٹ سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ پینٹاگان کا کہنا تھا کہ واقعات امریکی فضائیہ کے لئے سنگین خطرہ ہیں، چین سے کہا ہے کہ وہ ان کے تحقیقات کرے۔

متعلقہ خبر: چین کی بڑھتی عسکری کارروائیوں پر امریکہ کو شکایت

امریکہ نے اپنے پائلٹس کے لئے تنبیہہ جاری کی تھی جس میں انہیں کہا گیا تھا کہ وہ جبوتی کے مخصوص علاقے میں پرواز کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

ہدایات میں کہا گیا تھا کہ جہاز پر گرائی جانے والی لیزرلائٹ پائلٹ کو زخمی یا اسے عارضی طور پر اندھا کر سکتی ہے۔ نتیجتا لینڈنگ یا ٹیک آف کے دوران خطرے کا سامنا ہو سکتا ہے۔

چین نے گزشتہ برس جبوتی میں اپنا پہلا عسکری مرکز قائم کیا تھا جس کے بعد بیجنگ بھی امریکا سمیت ان ممالک میں شامل ہو گیا تھا جو افریقہ میں عسکری اڈے رکھتے ہیں۔


متعلقہ خبریں