کراچی: گرمی کی تمازت بڑھنے کے ساتھ ہی روشنیوں کے شہرمیں بجلی کے شدت اختیار کرتے بحران نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ کراچی کے 70 فیصد علاقوں میں چھ سے دس گھنٹے کی اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کا اعتراف کرتے ہوئے فنی خرابی کو اس کی وجہ قرار دیا ہے۔ چند روز قبل تک بجلی نہ ہونے کی صورت میں کے الیکٹرک سارا ملبہ گیس کی عدم فراہمی پر ڈالتی رہی ہے۔۔
ہم نیوز کے مطابق موسم کی شدت کے باعث بجلی کی طلب 3000 میگاواٹ سے بڑھ گئی ہے جب کہ شارٹ فال 600 میگا واٹ سے تجاوز کرگیا ہے۔ لوڈشیڈنگ کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی سپلائی کا نظام متاثرہونے سے شہری دہرے عذاب میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
یہ بھی دیکھیں: پاکستان میں برکھا رت نے موسم بدلا لیکن مشکل ابھی باقی ہے
نیوکراچی، نارتھ کراچی، بلدیہ، اورنگی ٹاؤن، لانڈهی، ملیر، گلستان جوہر، لیاقت آباد، کیماڑی اور ناظم آباد کے علاقوں میں رات سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔
رہائشی علاقوں کے ساتھ صنعتی علاقے بھی بجلی نہ ہونے سے متاثر ہیں تاہم صنعتی علاقوں میں کی جانے والی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ چھ گھنٹوں تک محدود ہے۔
شہر قائد میں ہیٹ اسٹروک یا لو لگنے کے واقعات کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 2015 میں ہیٹ اسٹروک کے باعث درجنوں اموات واقع ہوئی تھیں۔