اداکارہ رباب ہاشم شادی کے بندھن میں بندھ گئیں


اسلام آباد: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ رباب ہاشم شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔

اداکارہ نے اپنی شادی کی تقریبات کی تصاویر اپنے انسٹاگرام کے  اکاؤنٹ پر جاری کیں جس میں وہ بہت خوبصورت نظر آ رہی ہیں۔

تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کا فوٹ شوٹ ساحل سمندر پر ہوا ہے جسے ان کے مداحوں نے خوب پسند کیا ہے۔

 

خیال رہے کہ دو روز قبل رباب ہاشم نے مایوں بیٹھنے کے بعد انسٹاگرام کے ذریعے مداحوں کو اپنی شادی کی رسومات کے آغاز کی خوشخبری سنائی تھی۔

معروف اداکارہ رباب نے انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کیں جن میں وہ مایوں کا پیلے رنگ کا لباس زیب تن کیے، ہاتھوں پر مہندی لگائے مسکرا رہی ہیں۔

سادگی اور معصومانہ انداز کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والی رباب ہاشم کی شادی کی تصدیق میچ میکر مسز خان نے بھی کی تھی۔

مسز خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تحریر کیا کہ انہوں نے اداکارہ رباب ہاشم کے لیے اُن کے جوڑ کا لڑکا ڈھونڈ لیا ہے جس کا نام صہیب ہے، ساتھ ہی انہوں نے لڑکے کی تصویر بھی شیئر کی۔

رباب ہاشم پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی قابل اداکارہ ہیں جنہوں نے بہت سے کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

ان کے مشہور ڈراموں میں ایک تھی مثال، پیا من بھائے، عنایا تمہاری ہوئی اور منت شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں