نئے امریکی صدر کے انتخاب میں3 ریاستوں کا اہم کردار



نو منتخب امریکی صدرجوبائیڈن کو وائٹ ہاؤس تک پہنچانے میں امریکا کی تین ریاستوں نے اہم  کردار ادا کیا۔

ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن ان ریاستوں میں ٹرمپ سے بہت پیچھے تھے۔ ریاست وسکونسن میں جو بائیڈن ٹرمپ کی لیڈ کو کم کر کے الیکشن جیتے۔

ریاست مشی گن میں بھی جو بائیڈن ٹرمپ کی سبقت کو ختم کرتے ہوئے الیکشن جیتے۔ ریاست پینسلوینیا میں ٹرمپ کو جو بائیڈن پر سات لاکھ سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔

الیکشن کے تین دن بعد جوبائیڈن نے ٹرمپ کی برتری ختم کی۔ آخر کار پینسلوینیا میں فتح سمیٹی اور بیس الیکٹورل ووٹ کے حق دار ٹھہرے۔

امریکی صدر منتخب ہونے کے لیے امیدوار کو کل 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ پنسلوینیا کے20 الیکٹورل ووٹ ملنے کے بعد بائیڈن کو فاتح قرار دیا گیا ہے اور وہ امریکہ کے 46 ویں صدر ہوں گے۔

سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں نائب صدر رہنے والے جو بائیڈن اس سال ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار تھے۔

جوبائیڈن1973 میں امریکی سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور وہ اس وقت ملکی تاریخ کے پانچویں کم عمر ترین سینیٹر تھے۔

ان کو طویل عرصے تک امریکی سینیٹر رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ 1973 سے 2009 تک سینیٹر رہے۔ جوبائیڈن خارجہ امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور معاملات کو بات چیت سے سلجھانے کا فن بھی خوب جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں