کراچی: کرنٹ لگنے سے 12 سالہ لڑکا  جاں بحق


کراچی: کراچی کے علاقے  بلدیہ میں  ہائی ٹیشن لائن سے کرنٹ لگ کر 12 سالہ لڑکا  جاں بحق ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق بلدیہ اتحاد ٹاون میں کچرا  چننے والا لڑکا پتنگ اڑا رہا تھا۔ اس دوران پتنگ وہاں سے گزرنے والی بجلی کی ہائی ٹینشن لائن میں پھنس گئی۔ لڑکے نے  تانبے کے تار سے پتنگ نکالنے کی کوشش  کی تو اسے  بجلی کا زوردار جھٹکا لگا اور وہ  موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو اداروں نے  قانونی کارروائی پوری کرنے کے لیے لڑکے کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نیپرا نے کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی تھی۔

مزید پڑھیں: نیپرا نے کےالیکٹرک پر 20 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا

ہم نیوز کے مطابق نیپرا حکام کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ ڈی جی مانیٹرنگ اینڈ انفورسمنٹ کی سربراہی میں کمیٹی کراچی جا کر تحقیقات کرے گی۔ کمیٹی نیپرا قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق حقائق کا جائزہ لے گی اورانہیں تلاش کرے گی۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے نیپرا قانون کے سیکشن 26 پر عملدرآمد کا حکم دے دیا

ہم نیوز کے مطابق قائم کی جانے والی کمیٹی جولائی اور اگست کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے افراد سے متعلق واقعات کا جائزہ لے گی۔

نیپرا نے کمیٹی کو مکمل تحقیقات کے بعد جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دی تھیں۔

ہم نیوز کے مطابق کمیٹی کی جانب سے تیار اور پیش کی جانے والی رپورٹ کے تناظر میں کے الیکٹرک کے خلاف قانونی کارروائی کا تعین کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں