آل شریف میں سخت پھوٹ پڑ چکی، فیاض چوہان


لاہور: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آل شریف میں سخت پھوٹ پڑچکی ہے، مریم نواز ن لیگ کو اپنے نام سے رجسٹرڈ کرنے کیلئے مشاورت کررہی ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم نواز ن لیگ کو اپنے نام سے رجسٹرکرواکر معاملات دیکھیں گی۔ شہباز شریف فیملی کا جاتی امرا میں آنا جانا بند ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولان فضل الرحمان نے مریم نواز اور نوازشریف کو پیغام بھجوایا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آپ کے بیانیے کا بوجھ زیادہ دیر نہیں اٹھا سکتے۔ آل شریف ملک کو کمزور کرنے کی سازش کررہی ہے۔ مولان فضل الرحمان کے رائٹ ہینڈ نے بھی کہا کہ اس بیانیے کو تسلیم نہیں کرسکتے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم نواز اپنا اور مکس اچار پارٹی کا بیڑا غرق کریں گی۔ بھارتی میڈیا “را” کے پیسوں پر پلتا ہے۔ طے ہوا تھا کہ بھارتی ٹی وی پر شو کے درمیان میرا مائیک بند نہیں ہوگا۔ میجرگورو آریا نے کہا آپ دیکھیں گے ہم پاکستان میں کیا افراتفری پیدا کرتے ہیں۔ میں نے جواب میں کہا بھارتی اسٹیبلشمنٹ اور میڈیا کو شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کے طیارے گرائے۔ بھارتی پائلٹ کو پکڑا، گال پر تھپکی دی اور چائے پلا کر واپس بھیج دیا۔ ایاز صادق کے بیان پر بھارت میں طوفان بدتمیزی مچا ہوا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مکس اچار پارٹی دسمبر کا مہینہ نہیں دیکھے گی۔ ریاست ان لوگوں کےخلاف فوراً ایکشن لے۔ نوازشریف، مریم نواز اور بھارت کا ایک ہی بیانیہ ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف اور مریم نواز کے بیانیے سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے، شہباز گل

انہوں نے کہا کہ رحمان ملک نے کہا کہ 3 ارب ڈالر ملک دشمنوں نے پاکستان میں لانچ کردیے ہیں۔ 3 ارب ڈالر اسی پی ڈی ایم پر لگ رہے ہیں۔ مریم نواز، نوازشریف، محمود اچکزئی اور اسفندیار ولی بھارتی بیانیے پر چل رہے ہیں۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ امید ہے نومبر کا مہینہ پی ڈی ایم کیلئے آخری ہوگا۔ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی سربلندی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارتی فوج میں بھگوڑے ہیں، سب سے زیادہ خود کشیاں ہوتی ہیں۔ کھانے نہ ملنے کا واویلا سب سے زیادہ بھارتی فوج میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھگوڑوں، استعفوں اور خودکشیوں میں بھارتی فوج نمبر ون ہے۔ پاک فوج کا افسر اور سپاہی پورے جذبے کے ساتھ جنگ لڑتا ہے۔ کم ظرف سیاست دان اپنی خفت مٹانے کیلئے بیان بازی نہ کریں۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ پاکستان وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ترقی کرے گا۔ پاک فوج کے ساتھ 22 کروڑ عوام کا دل دھڑکتا ہے۔ کوئی بھی عوام کے دلوں میں پاک فوج کی عزت کم نہیں کرسکتا۔ بھارتی میڈیا تعصب پسند اور گھٹیا سوچ کا مالک ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وفاقی وزیرفوادچودھری نے اپنے بیان کی وضاحت کردی تھی۔ انہوں نے پلواما بعد ہونے والے ابھی نندن کے معاملہ پر مبارکباد دی۔ ملک دشمن طاقتوں نے پوری دنیا میں فرقہ وارانہ فسادات کا کھیل کھیلا۔ پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کی کوششیں ناکام ہوئیں۔

،وزیراطلاعات پنجاب  نے کہا کہ آج محسن انسانیت ﷺ کا یوم ولادت ہے۔ آپ ﷺکی وجہ سے دنیا کو بنایا گیا۔ نبی کریم ﷺ وجہ تخلیق کائنات اور انسانیت ہیں۔ یورپ میں چند گروہ جان بوجھ  کر مسلمانوں کو بڑھکاتے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پوری امت دنیا کو پیغام دے رہی ہے ہم سب عاشق رسول ﷺہیں۔ نبی کریم ﷺ پر مسلمان ایک فیصد بھی سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔ یورپی ممالک آزادی اظہار رائے کے نام پر توہین رسالت ﷺ کی مذمت کریں۔ وزیراعظم عمران خان نے ہر عالمی فورم پر اسلاموفوبیا کا معاملہ اٹھایا۔


متعلقہ خبریں