نواز شریف کو باہر بھیجنا بے وقوفی تھی، فیصل واوڈا

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ نواز شریف کو باہر بھیجنا بے وقوفی تھی،جس کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام  ’ بریکنگ پوائنٹ ود مالک ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیرون ملک سے اداروں کیخلاف زہر اگل رہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو انقلابی بننے کا شوق ہے تو پاکستان واپس آ کر بنیں۔

نواز شریف اپوزیشن میں انقلابی اور اقتدار میں آمر بن جاتے ہیں، شبلی فراز

پروگرام میں موجود مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے کہا کہ  نواز شریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ حکومت نے کیا، غلطی تھی تو سب سے پہلے ڈاکٹر یاسمین راشد کو ہٹائیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اعتماد کا فقدان نہیں ۔ تمام جماعتوں نے مل کر مولانا فضل الرحمان کو پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ سربراہ منتخب کیا ہے۔

خیال رہے کہ آج اپنی ٹوئٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اقتدار سے باہر ہوں تو انقلابی بن جاتے ہیں مگر اقتدار میں ہوں تو ان سے بڑا آمر کوئی نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے نظریات موسموں کی طرح بدلتے رہتے ہیں۔

انہوں نے تحریر کیا کہ نواز شریف اقتدار کی محرومی کا بدلہ پاکستان سے نہ لیں۔ ہمارے دو سوال وہی ہیں کہ اثاثے کیسے بنائے اور پیسے ملک سے باہر کیسے بھیجے؟

چند روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا تھا کہ نوازشریف عدالتوں اور نظام کو دھوکہ دے کر بیرون ملک فرار ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی نے نہیں عدالت نے کہا کہ آپ قانون کا مذاق اڑا کر باہرگئے۔


متعلقہ خبریں