زیادتی کے بعد لڑکی کی خودکشی: مرکزی ملزم تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے


بہاولپور: مقامی عدالت نے خیرپور ٹامیوالی میں زیادتی کے بعد خودکشی کرنے والی لڑکی کے کیس میں مرکزی ملزم لقمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

عدالت نے ایف آئی آر اندراج میں تاخیر پر گرفتار تین پولیس اہلکاروں کو جیل بھجوا دیا۔

گزشتہ روز بہاولپور کی تحصیل خیرپور ٹامیوالی میں مبینہ زیادتی کا شکار ہونے والی بیس سالہ لڑکی نے خودکشی کرلی تھی۔ پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کیے جانے پر متاثرہ لڑکی نے زہر پی کر جان دی تھی۔

مزید پڑھیں: حافظ آباد میں لڑکی سے مبینہ زیادتی، دو ملزمان گرفتار

لڑکی کی خودکشی کے  بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس حرکت میں آئی تھی اور ملزم سمیت متعلقہ تھانے کے عملے کو حوالات میں بند کردیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق متاثرہ لڑکی اور اس کے والدین نے تھانہ خیرپورٹامیوالی میں درخواست دی تھی، لیکن پولیس نے درخواست وصول کرنے کے باوجود کارروائی نہیں کی تھی اور ملزم لقمان آزادانہ  گھومتا رہا۔

پولیس سے انصاف نہ ملنے پر متاثرہ لڑکی نے دلبرداشتہ ہوکر زہر پی لیا تھا۔ طبیعت بگڑنے پر والدین بیٹی کو اسپتال لے کر گئے تھے، جہاں وہ انتقال کرگئی تھی۔

متاثرہ لڑکی کی خودکشی کی خبر میڈیا پر نشر ہوئی تو ڈی پی او بہاول پور کے حکم پر کارروائی کرکے پولیس نے ملزم اور پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا تھا۔

مقدمہ درج نہ کرنے اور انصاف نہ دلانے پر تھانہ خیرپورٹامیوالی کے ایس ایچ او رانا انوارالحق سمیت عملے کو بھی گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں