میرپورخاص: راشن تقسیم کرنے کی تقریب بدنظمی کا شکار


میرپور خاص: سندھ کے ضلع میرپور خاص میں سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب بدنظمی کا شکار ہوگئی۔

میرپور خاص میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب میں ناقص انتظامات کے سبب مہمان خصوصی صدرمملکت عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے واپس جاتے  ہی تقریب  ہلڑ بازی کا شکار ہوگئی۔

راشن کے حصول کے لیے آنے والے افراد نے ٹرک لوٹ لیے۔ چھینا جھپٹی کے دوران جس کے ہاتھ  جو لگا، لے کر چلتا بنا۔

خواتین اور مرد ایک دوسرے سے بھی لڑتے رہے، لیکن انتظامیہ کہیں نظر نہ آئی۔ پولیس نے صورت حال کنٹرول کرنے کےلیے لاٹھی چارج بھی کیا۔

ہزاروں افراد میں سے صرف تین سو اکاسی کو راشن کا ٹوکن ملا تو صبح سے انتظار میں کھڑے افراد کا پارہ ہائی ہوگیا۔ راشن کےلیے آنے والے مستحق افراد کو گھنٹوں دھوپ میں کھڑا ہونا پڑا، خواتین انتظامیہ کےخلاف پھٹ پڑیں۔ پولیس نے صورت حال کنٹرول کرنے کےلیے لاٹھی چارج بھی کیا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد جاکر اپنا حق چھین لیں گے، بلاول

دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ راشن بانٹنے سے سیلاب متاثرین کے مسائل حل نہیں ہوں گے، جیالے جانتے ہیں حق کیلئے احتجاج کیسے ہوتا ہے۔

میرپور خاص میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق کو سندھ میں سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو لاوارث نہیں چھوڑنے دیں گے، وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری نبھائے، ایمرجنسی ڈکلیئر کر کے چھوٹے کسانوں کی مدد کرے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاقی جماعت ہے، ہم مشکل وقت میں یہاں آئے ہیں،میر پور خاص کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ  دیا ہے۔

بلاول نے کہا کہ میر پور خاص کے عوام کو بارش کے بعد مشکلات کا سامنا ہے، پیپلز پارٹی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز محنت کررہے ہیں۔

 

گزشتہ روز سندھ کے ضلع بدین میں سیلاب سے متاثرین علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد عوامی جسلے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ سندھ کے حصے کا حق نہیں دیا گیا تو اسلام آباد جاکر چھین لیں گے۔

بلاول نے کہا کہ  سیلاب سے سندھ کے کئی علاقوں کو نقصان ہوا۔ بدین کے عوام نے تاریخی بارشوں کا سامنا کیا۔ بارشوں کی وجہ سے بدین میں بہت نقصان ہوا۔ بارشوں سے فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

 

 


متعلقہ خبریں