فواد چوہدری کے دماغ میں بھوسہ بھرا ہوا ہے، فیاض الحسن چوہان


لاہور:ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے پنجاب میں آئی جی پولیس کی تبدیلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کے جانے سےاداروں میں کام نہیں رکتے۔ وفاقی وزیرفواد چوہدری کو متعدد مرتبہ سمجھایا ہے۔ فواد چودہدری کے دماغ میں بھوسہ بھرا ہوا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام’صبح سے آگے‘ میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت میں ہرتعیناتی پر مشاورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا میرے خیال میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری ہمیشہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہیں، وہ باز آنے والے نہیں ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت اور قانون سازی کے شعبوں میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی ترجمان کا کہنا تھا کہ جس کے دماغ کو حکیم لقمان بھی ٹھیک نہ کر سکے اس کے دماغ کو کوئی بھی ٹھیک نہیں کر سکتا۔

ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب کی تبدیلی معمول کی کارروائی ہے۔ دو سال کے دوران سندھ میں بھی کئی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا میں نے تین ماہ قبل بھی فواد چوہدری کو سمجھایا تھا لیکن میرا خیال ہے کہ وہ ہمیشہ اصول وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت کی جانب سے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو تبدیل کر کے ان کی جگہ انعام غنی کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کر دیا گیا تھا۔ شعیب دستگیر کو 26 نومبر 2019 کو آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔ شعیب دستگیر بطور آئی جی پنجاب 10 ماہ بھی مکمل نہ کرسکیں۔  پنجاب میں دو سالوں میں پانچ آئی جی تبدیل ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں