نوازشریف کسی بھی وقت واپس آکر سرپرائز دے سکتے ہیں، قمر زمان



اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ کا کہنا ہے مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نوازشریف کسی بھی وقت پاکستان آکر سرپرائز دے سکتے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام’پاکستان ٹونائٹ‘ میں میزبان ثمرعباس کے ساتھ بات کرتے ہوئے پیپلپزپارٹی رہنما نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے بھی کہہ دیا کہ نوازشریف ایک بار واپس آئیں تو ان ن لیگ کے تاحیات قائد کیلئے سیاسی مشکلات بن سکتی ہیں۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے نوازشریف واپس آکر دوبارہ عدالتوں کا سامنا کریں اور عدالتوں سے درخواست کریں کہ علاج کیلئے ایک بار پھر بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

پروگرام میں شریک رہنما ن لیگ خرم دستگیر نے کہا کہ بغیر علاج نوازشریف کی واپسی ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا اسلام آباد ہائی کورٹ میں جو کارروائی ہوئی اس کا نوازشریف کی بیرون ملک جانے کی ضمانت سے کوئی تعلق نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ہائیکورٹ کا نوازشریف کو سرنڈر کرنے کا حکم

خرم دستگیر نے کہا کہ نوازشریف کی ضمانت لاہور ہائی کورٹ نے لی تھی جہاں ابھی تک کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جس کیس کی سماعت ہوئی اس میں ہم دیکھیں گے کہ آگے کیسے بڑھنا ہے۔ ہم اپنا مؤقف عدالت کے سامنے رکھیں گے اگر عدالت اپنا حکم برقرار رکھتی ہے تو نوازشریف اس پر سنجیدگی سے غور کریں گے کیوں کہ ان کی پہلی ترجیح ہمیشہ ہی اپنے ملک اور اپنی زمین پر واپسی کی ہوتی ہے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے لیکن اگر وہ واپس آنے کا فیصلہ کرتے ہیں ہم اس کیلئے بھی تیار ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹر نے اجازت دی تو نواز شریف واپس آ جائیں گے۔


متعلقہ خبریں