لندن: تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
مانچسٹر کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 196 رنز کا ہدف کپتان اؤئن مورگن کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے مورگن نے 66 ، بیراسٹرو 44، اور ڈیوڈ مالان 53 نے رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تین، اور حارث رؤف نے دو کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے آغاز پر انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
سلامی جوڑی فخر زمان اور بابر اعظم نے قومی ٹیم کو 72 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 36 رنز بنا کر عادل رشید کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
فخر کے بعد کپتان بابر اعظم نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور ففٹ کے ساتھ اپنے کیریئر کے 1500 رنز بھی مکمل کئے۔ بابر بھی 56 رنز بنا کر عادل رشید کا نشانہ بنے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ اور شعیب ملک نے 50 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ شعیب ملک 14 جب کہ حفیظ 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے دو جب کہ ٹام کرن اور جورڈن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کا پہلا مقابلہ بارش کے باعث منسوخ کرنا پڑا تھا۔
پہلے ٹی20 میں قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا اور بارش ہونے سے قبل انگلینڈ نے 16 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنائے تھے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک 15 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ قومی ٹیم نے چار جبکہ انگلینڈ نے 10 میچ اپنے نام کیے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2015 میں ایک میچ ٹائی بھی ہوا تھا۔
دونوں ٹیموں کے ٹی ٹوئنٹی ریکارڈز پر نظر ڈالیں تو سب سے بڑا ایک سو پچاسی رن کا ٹوٹل اسکور 2009 میں انگلینڈ کی جانب سے کیا گیا۔ انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کو 2010 میں سب سے کم ٹوٹل اسکور نواسی رنز پر ڈھیر کیا تھا۔
دو ہزار نو میں انگلینڈ نے قومی ٹیم کو اڑتالیس اسکور کے سب سے بڑے مارجن سے شکست دی۔ 2016 میں قومی ٹیم نے انگلینڈ کو نو وکٹ سے ہرا کر وکٹوں کے اعتبار سے سب سے بڑی جیت اپنے نام کی تھی۔