پاکستان نے بھارت سے 70 کروڑ ڈالر ہرجانہ مانگ لیا


اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) سے 70 کروڑ ڈالر ہرجانہ مانگ لیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بھارت میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے اجلاس کے بعد اس بات کی تصدیق کی کہ آئی سی سی کے فیصلے کے بعد آئندہ کے معاملات واضح ہوں گے۔

پیر کو سامنے آنے والی تفصیل میں نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت نے اپنے فیوچر ٹور پروگرام ( ایف ٹی پی ) میں پاکستان سے کھیلنے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھا ہے۔

بی سی سی آئی کی جانب سے آئندہ پانچ سالوں کے کرکٹ پروگرام میں پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے کا معاملہ بھی آئی سی سی کی ڈسپیوٹ کمیٹی میں ہے۔ نجم سیٹھی کے مطابق اگر فیصلہ پاکستان کے حق میں آتا ہے تو بھارت کو اپنے فیوچر ٹور پلان میں تبدیلی لانا ہو گی۔

پی سی بی چیئرمین نے تصدیق کی کہ اگر بھارت نے معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے نہیں کھیلا تو اسے نقصان پورا کرنا ہوگا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پاک بھارت سیریز نہ ہونے سے نقصان ہوا ہے۔ پاکستان نے اپنا مؤقف آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سامنے تحریری طور پر پیش کر دیا ہے تاہم بھارت نے ابھی تک کچھ نہیں بتایا۔

بھارتی صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے کا جواز پیش کرتے ہوئے بتاتا ہے کہ حکومت سے اجازت نہیں ملتی۔ بی سی سی آئی کسی نیوٹرل مقام پر بھی پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہتا۔

چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیریز بہت منافع بخش ہوتی ہے۔ افسوس ہے کہ کرکٹ میں سیاست کو لایا جاتا ہے۔ اس سے کرکٹ شائقین کو نقصان ہوتا ہے جو دونوں ٹیموں کو کھیلتا نہیں دیکھ سکتے۔

نجم سیٹھی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ایشیئن ایمرجنگ کپ پاکستان میں ہونا تھا لیکن بی سی سی آئی کے انکار کے بعد اسے پاکستان اور سری لنکا میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ گرین شرٹس اپنے تمام میچز پاکستان میں اور بھارتی ٹیم سری لنکا میں کھیلے گی۔


متعلقہ خبریں