ہم چاہتے ہیں نواز شریف جو پیسہ لے کر گئے وہ واپس کر دیں، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں نواز شریف جو پیسہ لے کر گئے وہ واپس کر دیں۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات عادل شاہزیب کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج پر بیرون ملک بھیجنے کے لیے شیخ رشید کا ہاتھ سب سے پہلے کھڑا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے باہر جانے کے معاملےمیں کوئی ڈیل نہیں ہوئی بلکہ نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لیے شہبازشریف نے گارنٹی دی تھی اب عدالت کو چاہیے کہ وہ شہباز شریف کو بلائے اور اب ان کو نااہل کرنا چاہیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ فروری میں ہی نواز شریف کی حوالگی کا معاملہ شروع ہو گیا تھا جبکہ لندن میں نواز شریف کی فیملی نے ہائی کمیشن کی رسائی کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح بتایا گیا نواز شریف سخت بیمارہیں لیکن ایسا لگ نہیں رہا۔ ہم صرف چاہتے ہیں کہ نواز شریف جو پیسہ لے کر گئے ہیں وہ واپس کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ اپوزیشن اپنے کیس ختم کرانے کیلئے پاکستانی ثالث کے زریعے این آر او مانگ رہی‘

وفاقی وزیر نے کہا کہ حسین نواز نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق ریکارڈ کے لیے رابطہ نہیں کیا گیا تو میری وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ 48 گھنٹوں میں سفارت خانہ دوبارہ شریف فیملی سےرابطہ کرے اور پاکستانی سفارت خانہ نواز شریف کی صحت سے متعلق ریکارڈ تک رسائی کا کہے امید ہے شریف فیملی تعاون کرے گی۔


متعلقہ خبریں