سوڈان میں کارگو طیارہ گر کر تباہ، 7 افراد ہلاک

سوڈان میں کارگو طیارہ گر کر تباہ، 7 افراد ہلاک

خرطوم: جنوبی سوڈان میں کارگو طیارہ گر کر تباہ ہو گیا حادثے میں 7 افراد ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کارگو طیارہ جنوبی سوڈان کے دارالحکومت سے جنوبی ریاست بحر الغزل کی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق طیارہ میدانی علاقے میں گرا جس کے بعد طیارے میں خوفناک آگ لگ گئی اور طیارہ مکمل طور پر جل گیا۔

جنوبی سوڈان کے وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق کارگو طیارے میں ہلاک ہونے والوں میں 4 مسافر اور عملے کے تین ارکان شامل ہیں جبکہ ایک مسافر خاتون شدید زخمی ہو گئیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم ان کی زندگی خطرے سے باہر ہے۔

طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے عملے کے تینوں ارکان کا تعلق روس سے تھا جبکہ طیارے میں سوار مسافر مقامی شہری تھے۔ ایوی ایشن اتھارٹی نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

رواں سال کے آغاز پر سوڈان کا عسکری طیارہ مغربی دارفر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا اور حادثے میں 4 بچوں سمیت 18 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ میں پولیس کے ہاتھوں ایک اور سیاہ فام قتل

طیارہ ملک کے اس حصے میں امداد لے کر جا رہا تھا جہاں خونی جھڑپیں جاری ہیں، ٹیک آف کرنے کے قریباً پانچ منٹ بعد طیارہ تباہ ہوا تھا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں عملے کے 7 افراد، 3 ججز، 8 عام شہری تھے جن میں 4 بچے بھی شامل تھے۔


متعلقہ خبریں