کراچی: پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی نے 15 اگست سے سندھ بھر میں نجی تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا۔
پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی نجی اسکولز کھولنے سے متعلق 31 نکاتی ایس او پیز بھی جاری کردیں۔
رہنما پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ پورا ملک کھول دیا گیا ہے، مگر تعلیمی ادارے نہیں کھولے گئے۔ نجی اسکول مزید بند نہیں رکھے جاسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے خیبرپختونخوا حکومت نے 15 ستمبر سے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کامران بنگش کے مطابق صوبے کے تمام اسکولز، کالجز، یونیورسٹیاں اور مدارس 15 ستمبر کو کھول دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے 15 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس میں 15 اگست سے اسکولز کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
صدر پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن ہدایت خان نے کہا تھا کہ 8 ماہ سے تعلیمی ادارے بند ہیں اور بچوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ حکومت سے مذاکرات کیے گئے لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم ایس او پیز بنا کر اسکولز کھولیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے 15 ستمبر سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
وزیر تعلیم شفقت محمود نے اس سے قبل کہا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو تجاویز بھیج دی گئی ہیں اور حکومت بھی تعلیمی اداروں سے متعلق مزید مشاورت کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارو ں سے متعلق ایس او پیز پر نظرثانی کی جائے گی۔ اگست کے پہلے اور پھر تیسرے ہفتے میں تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر دوبارہ نظرثانی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں حالات نارمل ہونے تک اسکولز نہیں کھولیں گے، وزیرتعلیم پنجاب
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ جامعات پی ایچ ڈی کرنے والے طلبا کو 15 ستمبر سے پہلے بلا سکتے ہیں۔ تمام تعلیمی اداروں کو چاہیے کلاسز کا آغاز کرنے سے پہلے صفائی کروائیں اور سینیٹائز کریں۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو ایس او پیز پرعمل درآمد کا خاص خیال رکھنا ہو گا اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق تربیت ہوگی اور بعض تعلیمی اداروں کو انتظامی دفاتر پہلے کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔