آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم، پٹرول بحران کا خدشہ ٹل گیا


اسلام آباد: وفاقی وزیرتوانائی عمرایوب اور چیئرپرسن ایف بی آر سے کامیاب مذاکرات کے بعد آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے تین روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے اعلان کردیا۔

آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال ختم کرنے کے بعد ملک میں پٹرول بحران کا خدشہ ٹل گیا۔ شہرکے 60 فیصد پیٹرول پمپس پر پیٹرول کا ذخیرہ ختم ہوگیا تھا۔

خیال رہے کہ پیٹرولیم ڈویژن نے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے وفد کو مذاکرات کیلئے اسلام آباد مدعوکیا تھا۔

وفاقی وزیر عمر ایوب اور چیئرپرسن ایف بی آر سے کامیاب مذاکرات کے بعد آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال ختم کردی۔

چیئرمین ایف بی آر آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ انکم ٹیکس کی شرح کو 2 فیصد پر برقرار رکھا جائیگا۔

حکومتی عہدہداروں سے کامیاب مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن عابد ﷲ آفریدی نے کہا کہ کمرشل لوڈنگ کےحوالے سے پالیسی بنائی جائیگی۔ حکومت کی جانب سے پرانے آئل ٹینکرز کے حوالے سے ٹائم فریم دے دیا گیا ہے۔

عابد ﷲ آفریدی نے کہا کہ جب تک وائٹ پائپ لائن کا کام مکمل نہیں ہوجاتا پرانے ٹینکرز کو سپلائی ملتی رہے گی۔ مہنگائی کی شرح کو دیکھتے ہوئے کرایوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹول ٹیکس اور کمرشل ٹیکس کو بھی واپس لیا جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے ٹول ٹیکس اورکمرشل ٹیکس کو بھی واپس لیا جارہا ہے۔

اس سے قبل عابد ﷲ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہمارے مسائل حل نہیں ہورہے ہیں، انکم ٹیکس میں اضافہ کسی صورت منظور نہیں ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ کرونا صورتحال میں انکم ٹیکس کو 3 فیصد کردیا گیا ہے، یکم جولائی 2020ء سے لگائے گئے ٹول ٹیکس کو واپس لیا جائے، کمرشل لوڈنگ کو فی الفور بند کیا جائے۔

مزید پڑھیں: جون میں پٹرول بحران: وزیراعظم نے 4رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی

اس سے قبل آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کےعہدیداران  نے کہا تھا کہ جب تک تحریری طورپر مطالبات تسلیم نہیں ہوتے ہڑتال ختم نہیں ہوگی۔

کراچی میں آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشنز کی ہڑتال سے ہوائی اڈوں، پیٹرول پمس، آئل ریفائنریزسمیت ملک بھر میں تیل کی ترسیل مکمل طور پر بند ہوگئی تھی۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم نے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے وفد کو مذاکرات کے لیے بلایا تھا۔

ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو بتایا تھا کہ مذاکرات میں ایڈیشنل انکم ٹیکس، صوبائی سروسزسیلز ٹیکس اورٹول ٹیکس میں اضافے پربات ہوگی۔

آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز نے تین روز قبل غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کرنے کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں