اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں مندرکی تعمیر کا فیصلہ اسلامی نظریاتی کونسل کرے گی۔
عید گاہ شریف میں وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا اتحاد امت کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہمارا معاشرہ تضادات کا شکار ہے، فرقہ ورانہ ماحول کو دیکھتے ہوئے حکومت کی خواہش ہے کہ تمام علماء کرام کو ایک صفحے پر لایا جائے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ابھی تک اسلام آباد میں مندر کیلئے حکومت نے فی الحال کسی قسم کے فنڈز نہیں دیے گئے اور اس کے متعلق فیصلہ بھی وزیراعظم عمران خان ہی کریں گے اور تمام تر سماجی اور مذہبی پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پہلے ہندو مندر کی تعمیر کی بنیاد رکھ دی گئی
اقلیتی ارکان پارلیمنٹ نے وزارت مذہبی امور کو بھی مندر کی تعمیر کیلئے فنڈ زکی درخواست کی تھی تاہم وزارت مذہبی امور اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری نہیں کرتی ہے۔
فی الحال ہندو برادری مندرکاسنگ بنیاد اور تعمیر اپنے وسائل سے کر رہے ہیں تاہم انہوں نے حکومت سے فنڈز کی اپیل بھی کی ہے۔
خیال رہے کہ ہندو ارکان اسمبلی نے2017 میں عبادت گاہ کی تعمیر کیلئے ہیومن رائٹس کمیشن میں درخواست دی تھی۔ وزارت انسانی حقوق کی درخواست پر وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے 2020 میں مندر کیلئے جگہ الاٹ کی۔
ترجمان مذہبی امور نے کہا کہ حکومت اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی اور مشاورت حاصل کرے گی تاہم اسلام آباد میں مذہبی عبادتگاہوں کیلئے جگہ کی فراہمی کی ذمہ داری سی ڈی اے کی ہے۔
ہندو برادری کی عبادت گاہ کیلئے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن ٹو جگہ مختص کی گئی ہے۔ مندر کی جگہ کے دو اطراف میں مسلمان، قادیانی اور عیسائیوں کے قبرستان ہیں جب کہ کچھ فاصلے پر عسائی برادری کی بستی ہے۔