کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی ابتدائی رپورٹ جمع


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی ابتدائی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں جمع کرادی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی پولیس کی رپورٹ کے مطابق چار دہشت گردوں نے صبح دس بجکردو منٹ پر  پاکستان اسٹاک ایکسچنج کی عمارت پر حملہ کیا جس کو پولیس اور رینجرز  نے ناکام بنا دیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ سے متعلق ابتدائی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت کی سازش تھی، وزیراعظم

پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے خلاف مقدمہ ایس ایچ او میٹھا در کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔

سی ٹی ڈی تھانہ سول لائنز میں  درج کیے گئے مقدمے میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور پولیس مقابلے سمیت ایکسپلوزیو ایکٹ اور سندھ آرمز ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل پولیس نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملہ ناکام بناتے ہوئے تمام چار حملہ آوروں کو مار دیا تھا۔

دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر اور چار سیکیورٹی گارڈز شہید ہوئے ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں اسٹاک ایکسچینج کا ایک گارڈ بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملہ ناکام، حملہ آور ہلاک

وزیراعظم عمران خان نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت کی کو بھارت کی سازش قرار دیا ہے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی ہماری ایجنسیز نے چار تخریب کاری کے منصوبے ناکام بنادیے تھے۔ ان سب کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجازشاہ نے اس ضمن میں  کہا کہ کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی تحقیقات کا آغاز ہوگیا ہے اورماسٹر مائنڈ تک جلد پہنچ جائیں گے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج حملے کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی کا ہاتھ ہے. یہ حملہ  سوچی سمجھی سازش ہے لیکن  یہ اقدام انہیں ان کے منہ پر الٹا پڑے گا۔


متعلقہ خبریں