وزیراعظم پاکستان دولت مشترکہ سربراہ اجلاس کے لیے لندن روانہ


اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی 25 ویں دولت مشترکہ سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے لندن روانہ ہوگئے ہیں۔ 

شاہد خاقان عباسی منگل کو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نور خان ائربیس سے لندن روانہ ہوئے ہیں۔

وزیراعظم تین روزہ 25 ویں دولت مشترکہ سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ جو 18 سے 20 اپریل تک جاری رہے گا۔

لندن میں ہونے والے دولت مشترکہ اجلاس کا موضوع “مشترکہ مستقبل” ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق شاہد خاقان عباسی اپنے دورے کے دوران ملکہ برطانیہ اور پرنس آف ویلز سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کی دیگر رکن ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

دولت مشترکہ سربراہ اجلاس پاکستان کو ابھرتی ہوئی منڈی کے طور پر سامنے لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ پاکستان 53 رکنی دولت مشترکہ فورم کے بانی ارکان میں سے ایک ہے۔

دولت مشترکہ ممالک کی مجموعی آبادی دو ارب 20 کروڑ نفوس سے زائد پر مشتمل ہے۔

دولت مشترکہ ممالک

دولت مشترکہ ان ملکوں کی تنظیم ہے جو ماضی میں برطانیہ کے زیرقبضہ رہے ہیں۔ یہ تنظیم 1926 میں اس وقت قائم ہوئی تھی جب سلطنت برطانیہ کا زوال شروع ہوا۔

ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم دولت مشترکہ یا کامن ویلتھ کی سربراہ ہیں۔ تنظیمی معاملات معتمد عام (سیکرٹری جنرل) دیکھتا ہے۔ تنظیم کے قائم کرنے کا مقصد رکن ممالک میں اقتصادی تعاون، جمہوریت کو فروغ دینا اور حقوق انسانی کی پاسداری ہے۔


متعلقہ خبریں