کورونا وائرس سے ملکی معیشت کو ڈھائی ہزار ارب روپے کا نقصان

کورونا وائرس سے ملکی معیشت کو ڈھائی ارب روپے کا نقصان

اسلام آباد: کورونا وائرس سے ملکی معیشت کو ڈھائی ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا۔

ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی ماہرین کے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس نے ملکی معیشت کے ہر شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

ملکی معیشت کا حجم 440 کھرب سے سکڑ کر 415 کھرب تک رہ گیا اور کورونا کے باعث معیشت 25 کھرب روپے سکڑ گئی۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ رواں سال جی ڈی پی گروتھ 3 فیصد ہدف کے مقابلے میں منفی 0.4 رہی اور مجموعی طور پر جی ڈی پی کی مد میں نقصان 3.6 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا۔

نئے مالی سال کے لیے جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 2.3 فیصد تجویز کیا گیا ہے جبکہ عالمی مالیاتی ادارہ اور ماہرین 1.9 فیصد گروتھ دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے سینیٹ میں دیے جانے والے تحریری جواب میں کہا ہے کہ کورونا  بحران کے ابتدائی  مرحلہ میں 30 لاکھ افراد بے روزگار ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث صنعتی شعبہ میں دس لاکھ جبکہ خدمات کے شعبہ میں بیس لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کاروبار بند اورمزدوروں کے بے روزگار ہونے کا خطرہ ہے، مشیر تجارت

تحریری جواب میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ اس وائرس کی وجہ سے ملک میں غربت کی شرح 24.3 فی صد سے بڑھ کر 33.5 فی صد ہو جائے گی۔

مشیر خزانہ کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں یہ بھی بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ میں روپے کی قدر میں 7.5 فیصد کمی آئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی ادارہ شماریات نے گزشتہ ماہ کے لیے مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کیے تھے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں مہنگائی میں 11.32 فیصد اضافہ ہوا۔


متعلقہ خبریں