بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید 15دن کی توسیع کر دی

کوئٹہ:مولانا محمد حنیف کے قتل کے خلاف شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے صوبہ بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید 15 دن کی توسیع کر دی ہے۔

اس ضمن میں محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مراکز ہفتےمیں 6 روز صبح 9 سےشام 7 بجےتک کھلے رہیں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے آج ہونے والے اہم اجلاس میں ہفتے میں 5 روز تمام کاروبار کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ دکانیں اور مارکیٹیں صبح 9 سے شام 7 بجےتک کھلی رہیں گی جبکہ میڈیکل اسٹورز، کریانہ، گروسری اور پٹرول پمپس ہفتے میں 7 دن کھلے رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ ایس اوپیز کےساتھ چلتی رہےگی جبکہ ماسک پہننا لازمی ہو گا۔

اس کے علاوہ ملک بھرمیں تفریح گاہیں بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس کے بعد کورونا کی صورتحال سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ساری دنیا اس نتیجے پر پہنچ چکی ہے کہ اب کورونا کے ساتھ جینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لاک ڈاؤن کا مقصد یہ تھا کہ اسپتالوں پر بوجھ نہ پڑے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 72 ہزار سے تجاوز کر گئی، 1543 جاں بحق 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں جیسے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا پتہ چلا ہم نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بلا کر ملک میں لاک ڈاؤن لگایا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ ہمارے ڈھائی کروڑ لوگ روزانہ کی بنیاد پر کمانے والے ہیں  اور ان کے خاندان والوں کا ان ہی پر انحصار تھا لہٰذا اس طرح یہ تعداد 12 سے 15 کروڑ کے قریب بنتی ہے جو لاک ڈاؤن کے باعث متاثر ہو رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حالات یورپ اور چین کی طرح نہیں ہیں اور نہ ہم ان ممالک کی طرح لاک ڈاؤن کے متحمل ہو سکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں جس طرح کا لاک ڈاؤن ہوا میں اس طرح کا لاک ڈاؤن نہیں چاہتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اجتماعات، تقریبات، کھیلوں، اسکولوں،جامعات سمیت ہر چیز پر پابندی لگا دی تھی لیکن میں کاروبار اور تعمیرات کی صنعت کبھی بند نہیں کرتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کا لاک ڈاؤن پاکستان میں ہوا اس سے غریب طبقے کو بہت نقصان ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں