‘نواز شریف کی اہل خانہ کے ساتھ تصویر ہمارے نظام کا منہ چڑارہی ہے’



اسلام آباد: وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہل خانہ کے ساتھ منظر عام پر آنے والی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی تصویر ہمارے نظام کا منہ چڑارہی ہے۔ 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے ایک تصویر شیئر کی جس میں میاں نواز شریف لندن میں اپنی بہو اور پوتی کے ہمراہ دیکھے جا سکتے ہیں۔

تصویر کے ساتھ فواد چوہدری نے تحریر کیا کہ یہ تصویر ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کا منہ چڑا رہی ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے یہ بھی لکھا کہ تصویریں بتاتی ہیں کہ آخر عوام احتساب کے نظام پر کتنا اعتماد کر سکتے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لندن میں سرگرمیوں اور اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاری پر تنقید کی ہو۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری نے مریم نواز کو باہر بھجوانے کی مخالفت کردی

قبل ازیں انہوں نے نواز شریف کی اہل خانہ اور پارٹی لیڈران کے ہمراہ لندن کے ریستوران میں لی گئی تصویر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھاؤ پیو بیماری کا علاج انتہائی انہماک سے جاری ہے اور سارے مریض بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

ریستوران میں لی گئی تصویر کے ساتھ فواد چوہدری نے مزید تحریر کیا تھا کہ یہ  لندن کے اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہونے والی ملاقات کے مناظر ہیں۔


متعلقہ خبریں