نواز شریف کی نااہلی کی مدت فیصلہ دینےوالوں کی موجودگی تک ہے، مریم نواز


سیالکوٹ: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی نااہلی کی مدت تاحیات نہیں ہے یہ اس وقت تک ہے جب تک یہ فیصلہ دینے والے کرسیوں پر موجود رہیں گے۔ اب  نواز شریف کی جے آئی ٹی کے خلاف عوام کی جے آئی ٹی بنے گی۔

سیالکوٹ میں مریم نواز نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے یاد دلایا کہ ڈکٹیٹر نے کہا تھا نواز شریف تاریخ کا حصہ بن گیا ہے لیکن دنیا نے دیکھا کہ نواز شریف دوبارہ آیا اور عوام کی بھر پور انداز میں خدمت کی۔ نواز شریف آج بھی موجود ہے لیکن نواز شریف کو سزائیں دینے والے آج کہاں ہیں ؟ قائد ن لیگ کو آج کی سزا نے ڈکٹیٹر کی یاد دلا دی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ احتساب کے نام پر کیا ڈرامہ ہورہا ہے۔ جے آئی ٹی کے خلاف اب عوام کی جے آئی ٹی بنے گی۔ جے آئی ٹی نے جتنے الزامات لگانے تھے وہ لگالیے۔ نواز شریف پر لگائے گئے کسی بھی الزام کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف روزانہ عدالتوں میں حاضریاں دے رہے ہیں۔ 2018 کے عام انتخابات میں نوازشریف سب سے زیادہ مینڈیٹ لیں گے۔ عوام نے آصف علی زرداری اور عمران خان کو پہچان لیا ہے وہ اب اُن دونوں کا ساتھ نہیں دے رہے ہیں۔ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے جلسوں میں دو سو سے زیادہ کی حاضری نہیں ہوتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ واجد ضیاء عدالت میں ہمارے خلاف گواہی دینے آئے تھے۔ اُنہوں نے خود عدالت کے سامنے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ 40 نامعلوم افراد جے آئی ٹی کے پیچھے بیٹھ کر نواز شریف کے خلاف تحقیقات کررہے تھے۔ نواز شریف کے خلاف ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی ہے۔


متعلقہ خبریں