کراچی میں کوروناکیسز کی تعداد 10 ہزار سےبڑھ گئی



کراچی میں کورونا وائرس کے585 نئے کیسز سامنے آنے سے مجموعی تعداد 10ہزار120 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ ان کے صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 13ہزار341 ہوگئی ہے۔

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران کورونا وائرس سے 16 اموات ہوئی ہیں اور مجموعی تعداد234 ہوگئی ہے۔

مرادعلی شاہ نے بتایا کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4223 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور 731 کا زرلٹ مثبت آیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 737 ہو گئی جبکہ اس مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 34 ہزار 336 سے زیادہ ہوگئی ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے13 ہزار 225 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا 5,021، بلوچستان 2,158، اسلام آباد 759، آزاد کشمیر 88 اورگلگت بلتستان میں 475 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 267 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 218، پنجاب میں 214، بلوچستان 27، اسلام آباد 06 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے 2 ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا ہے، ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا جس کے ایک ماہ بعد یعنی 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی اور تادم تحریر اموات کی تعداد سات سو سے بڑھ گئی ہے۔


متعلقہ خبریں