عمران خان کا سیاست میں آنا نیک شگون نہیں، نواز شریف


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان جیسے بندے کا سیاست میں آنا کوئی نیک شگون نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں کہا کہ لاپتہ افراد کا معاملہ ملک کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ کسی کو لاپتہ کردینا بہت بڑا جرم ہے۔ اُن پر کیا گزرتی ہوگی جنہیں اپنے پیاروں کے متعلق کچھ بھی معلوم نہیں ہوتا۔

نواز شریف نے گزشتہ روز پارٹی چھوڑنے والے اراکین اسمبلی کے متعلق کہا کہ بلوچستان میں جس طرح اچانک ایک پارٹی وارد ہوئی ویسے ہی کل کچھ لوگوں کے دلوں میں جنوبی پنجاب صوبے کی محبت جاگی ہے۔ شہباز شریف کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ پارٹی چھوڑ کرجانے والوں نے ہی الیکشن ایکٹ میں میری پارٹی صدارت کے لیے ووٹ نہیں دیا تھا۔

نوازشریف نے امید ظاہر کی کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی شیر کو کامیابی حاصل ہوگی۔ لودھراں کا حالیہ الیکشن مسلم لیگ ن کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔  پنجاب میں نو نشستوں کا کم ہونا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔

صحافی نے نوازشریف سے سوال پوچھا کہ کیا جنوبی پنجاب صوبے کا قیام مسلم لیگ کے منشور کا حصہ ہوگا ؟ جس کا جواب مریم نواز نے سر کونفی میں ہلا کردیا۔

نوازشریف نے کہا کہ جنہوں نے ملک و قوم کی خدمت کی وہ نیب عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں اور جنہوں نے کرپشن کی اور ملک کا پیسہ لوٹا وہ مزے کررہے ہیں۔مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کی جانب سے لکھی گئی کتاب سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ پڑھنے کے بعد ہی تبصرہ کروں گا۔


متعلقہ خبریں