کسی کو امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، جنرل باجوہ


جنوبی وزیرستان: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ اس کے لئے جان و مال کی بھاری قربانی دی ہے ۔

انہوں نے یہ بات جنوبی وزیرستان میں دو بڑے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور آئی جی ایف سی (کے پی جنوبی) میجر جنرل عابد لطیف خان بھی موجود تھے۔

مذکورہ منصوبے پاک فوج کے انجینئرز نے حکومت کے ساتھ مل کر تعمیر کئے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقامی عمائدین سے خطاب میں کہا کہ استحکام و ترقی کے دور میں واپس آنے کے لئے ہم نے جان و مال کی بڑی قربانیاں دی ہیں، حصول امن کے لئے نقصان بھی برداشت کیا ہے۔

پاک فوج کے سربراہ نے قبائلی عمائدین سے کہا کہ کسی کو اجازت نہ دیں کہ وہ مشکل سے حاصل کئے گئے امن کو تباہ کرے۔

انہوں نے وانا میں زرعی (ایگریکلچرل) پارک اور مکین میں مارکیٹ کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبے فاٹا میں سماجی و اقتصادی ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے کے مطابق ایگریکلچرل پارک میں پائن نٹ (گری دار میوہ)  پروسیسنگ پلانٹ، 1000 ٹن گنجائش کا کولڈ اسٹوریج، ویئر ہاؤسز، گودام اور 128 دکانیں شامل ہیں۔

مکین کے علاقے میں جس مارکیٹ کا افتتاح کیا گیا اس میں 728 دکانیں شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت دکانوں کے ساتھ چلڈرن پارک اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب میں کہا کہ خطےکی ترقی اورعلاقےمیں پائیدار استحکام کے لئے فاٹا کو قومی دھارے میں لانا ضروری ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کراچی میں جعلی پولیس مقابلے میں قتل کئے گئے نقیب اللہ کے والد سے بھی ملاقات کی۔ اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مقتول کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

پاک فوج کے سربراہ نے نقیب اللہ محسود کے اہلخانہ کو حصول انصاف میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ۔

 


متعلقہ خبریں