طبی آلات کی ایمرجنسی سپلائی کوئٹہ کیلئے روانہ


راولپنڈی: کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات کے طور پر طبی آلات کی ایمرجنسی سپلائی کوئٹہ کیلئے روانہ کر دی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق بلوچستان کے طبی عملے کیلئے ضروری سامان پہنچا دیاگیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میڈیکل سامان آرمی چیف کی ہدایت پر کوئٹہ بھجوایاگیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس فرنٹ لائن سپاہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے ترقی یافتہ ملکوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، حکومت ضروری سامان اور آلات کیلئے کوشاں ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں سب کو ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن نے حفاظتی لباس اور ضروری سامان نہ ملنے کیخلاف احتجاج بھی کیا تھا۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ انہیں کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے پرسنل پروٹیکشن کٹس فراہم نہیں کی گئیں جسکے باعث اب تک 15 ڈاکٹرز کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 50کے قریب قرنطینہ منتقل کئے گئے ہیں۔

ڈاکٹر کا مطالبہ تھا کہ جب تک ہمیں آلات فراہم نہیں کئے جاتے احتجاج جاری رکھیں گے۔

اس دوران پولیس نے مظاہرین کو دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی جس پر مظاہرین نے پولیس اور حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی پولیس نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس پر لاٹھی چارج کر تے ہوئے 30سے زائد کو گرفتار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں