شاہین بمقابلہ کالی آندھی، ٹاس رپورٹ


کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ اب سے کچھ دیر بعد شروع کیا جائے گا۔

مہمان ٹیم ٹی ٹونٹی کی عالمی چیمپئن ہے جب کہ گرین شرٹس بھی مختصر فارمیٹ کے میچوں کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے بڑا ہدف سیٹ کریں تاکہ شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس کی جانب سے بابراعظم اور فخر زمان بطور اوپنرز میدان میں آئیں گے۔

آئی لینڈرز کپتان جیسن محمد کا کہنا تھا کہ بیٹنگ وکٹ ہے اس لیے ہدف چیز کرنا چاہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ  پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔

ویسٹ انڈین ٹیم کا اسکواڈ

جیسن محمد ویسٹ انڈین ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔ جیسن کے پاس  آندرے فلیچر، مارلن سیموئلز، چیڈوک والٹن، سیموئل بدری، کیسرک ولیم، اوڈین سیموئل، دنیش رام دین، رومان پاویل، کیمو پال، ریاد ایمرٹ، اینڈری میکارتھی اور ویراسیمی پرمائل جیسے ہتھیار ہیں۔

دوسری جانب اہم سینئر کھلاڑی پاکستان کے خلاف سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ کالی آندھی کے ٹی ٹونٹی کپتان کارلوس بریتھ ویٹ اور ون ڈے کپتان جیسن ہولڈر بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں حصہ لینے والے ویسٹ انڈین کھلاڑی لینڈل سبمنز ، ڈیوائن اسمتھ اور سنیل نارائن بھی سیریز کھیلنے پاکستان نہیں آئے۔

کیربیئن ٹیم چھکوں چوکوں کی برسات کرنے والے کرس گیل اور کیرن پولارڈ کی خدمات سے بھی محروم ہے۔

پاکستان ٹیم کا اسکواڈ

قومی ٹیم کے اسکواڈ میں پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن سے تین کھلاڑی منتخب کیے گئے ہیں۔ جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی اور حسین طلعت کو شامل کیا گیا ہے۔

لاہور قلندرز اسکواڈ سے شاہین آفریدی کو منتخب کیا گیا ہے۔

تینوں فارمیٹس کی کپتانی کرنے والے سرفراز احمد ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بھی ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں  احمد شہزاد، فخرز مان، بابر اعظم، شعیب ملک، فہیم اشرف، محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، راحت علی، عثمان شنواری کو شامل کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں