کراچی میں کورونا کا ایک اور مریض سامنے آ گیا، پاکستان میں تعداد چھ ہو گئی


کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے جس کے بعد پاکستان میں اس مرض کا شکار ہونے والوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزانے اپنے ٹوئٹ میں نئے کیس کی تصدیق کر دی اور کہا ہے کہ مریض کی حالت مستحکم ہے، اس کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ شخص کی عمر 69 سال ہے اور وہ ضلع شرقی کا رہائشی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرہ شخص کے لواحقین کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

موجودہ مریض کے سامنے آنے کے بعد سندھ میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں : کورونا وائرس: ہلاکتوں کی تعداد 3000 سے تجاوز کرگئی

چین کے صوبے ووہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت مزید کئی ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

اس وبا سے دنیا بھر میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3015 ہوگئی ہے جبکہ 93 ہزار سے زائد اس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

موذی مرض سے اٹلی میں مجموعی طور پر ،107 امریکہ میں 11، ایران میں 15، عراق میں ایک جبکہ چین میں مزید 41 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: حکومت سندھ کو 1213 زائرین کی تلاش

74 ممالک میں پھیلی بیماری کے باعث اٹلی کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند کردئیے گئے جبکہ جرمن ایئرلائن لفتھنسا نے150  جہاز گراؤنڈ کر دئیے۔

وائرس کی وجہ سے برلن میں سیاحتی نمائش بھی منسوخ کردی گئی جبکہ لندن کا عالمی کتب میلہ بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی تھی جس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت، کمشنر کراچی اور دیگر افسران شامل ہوں گے۔


متعلقہ خبریں