شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی


اسلام آباد: عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی کے 24 فروری تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ طبعیت کی ناسازی کے باعث چھٹی پر ہیں جس کی وجہ سے لیگی رہنماؤں کے کیسز کی سماعت نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: وزرا لندن پلان کی تصدیق کر رہے ہیں تو میں اختلاف نہیں کر سکتا، شاہد خاقان عباسی

ہائی کورٹ کا دورکنی بینچ 24 فروری کو ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے چند روز قبل ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی۔

شاہد خاقان عباسی کو 18 جولائی کو قومی احتساب بیورو نے مائع قدرتی گیس کیس میں گرفتار کیا تھا۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے قوائد کے خلاف ایل این جی ٹرمینل کے لیے 15 سال کا ٹھیکہ دیا جب وہ وزیر پیٹرولیم تے۔

بعدازاں 3 دسمبر 2019 کو نیب نے احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس دائر کیا تھا، جس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر شیخ عمران الحق اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے سابق چیئرمین سعید احمد خان سمیت 10 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔

مزید برآں قومی احتساب بیورو نے احسن اقبال کو نارووال کے اسپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ بدعنوانیوں سے متعلق کیس میں گرفتار کیا تھا۔

واضح رہے کہ احسن اقبال پر نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کے لیے وفاقی حکومت اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے فنڈز استعمال کرنے کا الزام ہے۔


متعلقہ خبریں