اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کو آٹا اور چینی مافیا کی پناہ گاہ بنا دیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت شروع ہوا۔ حزب اختلاف نے وزرا کی عدم موجودہ پر احتجاج کیا۔ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے سربراہ خواجہ آصف نے کہا کہ مہنگائی پر بحث ہے اور وزرا کے سارے بینچ خالی ہیں۔ جس پر حزب اختلاف اراکین نے شیم شیم کے نعرے لگائے۔
خواجہ آصف نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کئی گنا بڑھ گئی ہے اور پاکستانی اس وقت سب سے زیادہ جو مصیبت جھیل رہے ہیں وہ ملک میں قحط کی صورتحال ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی آے) نے چینی بحران پر رپورٹ جمع کرائی ہے اور میری اطلاعات کے مطابق ایسے لوگوں کے نام رپورٹ میں دیے گئے ہیں جن کی وجہ سے چینی بحران پیدا ہوا جن میں ان لوگوں کے نام آتے ہیں جو حکومت کو اقتدار میں لے کر آئے۔
خواجہ آصف کی تقریر کے دوران حکومتی خواتین اراکین اسمبلی نے شور مچانا شروع کر دیا جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے خواتین اراکین کو خاموش رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے خواجہ آصف کو تقریر جاری رکھنے کا کہا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ عمران خان لوگوں سے تو چندہ جمع کرتے ہیں لیکن خود نہیں دیتے، ہم انتظار کریں گے کہ یہ حکومت اپنی بدعنوانی کے نتیجے میں انجام تک پہنچے تاہم اگر تبدیلی آتی ہے تو ہم کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔
یہ بھی پڑھیں پنجاب حکومت نے پہلی ششماہی میں 185 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کر لیا
انہوں ںے کہا کہ وزیر اعظم جس کو چپڑاسی رکھنا گوارا نہیں کرتے تھے اسے وزیر بنا دیا اور جس کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے اسے اسپیکر پنجاب اسمبلی بنا دیا اور کل پوری حکومت جماعت اسپیکر پنجاب اسمبلی کی چوکھٹ پر سجدہ ریز تھی کیونکہ جب اقتدار ڈولتا ہے تو ایسے ہی چوکھٹوں پر سجدہ ریز ہونا پڑتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے موجودہ حکومت آئی ہے ہر طبقہ پریشان ہے جبکہ مہنگائی نے اس ملک کی عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، حکومت آئی تو بے روزگاری میں بھی بے تحاشا اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کبھی اتنی نہیں بڑھی جتنی آج بڑھ گئی ہے۔ اشیا خوردونوش میں 78 فیصد اضافہ ہوا، دالوں کی قیمتوں میں 83 فیصد اضافہ ہوا اور یہ میرا نہیں حکومت کے ادارہ شماریات کا ڈیٹا ہے تاہم عوامی نمائندے مہنگائی پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے میں قرضہ لینے سے بہتر خودکشی کر لوں گا لیکن اسٹیٹ بینک کے مطابق موجودہ حکومت 11 ہزار ارب روپے کا قرض لے چکی ہے۔ عمران خان گھر جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
یہ بھی پڑھیں حکومت نے کمر توڑ مہنگائی کی کمر توڑنے کا اعلان کر دیا
وفاقی وزیر حماد اظہر نے بجلی کے نرخ بڑھنے اور گیس خسارے کی وجہ پر گزشتہ حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ گیس کا محکمہ پہلی مرتبہ سابق حکومت کی وجہ سے خسارہ میں گیا اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے گزشتہ حکومت کے دور کے آخری دنوں میں معاونت بند کر دی تھی۔
انہوں ںے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں ہی جاری خسارہ 20 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا اور انہوں نے قرضہ لے کر 4 سو ارب روپے کا سرکولر ڈیٹ کلیئر کیا تھا۔