اسلام آباد: پاکستان کا معروف اور مستند ترین میڈیا سیٹ اپ ہم نیٹ ورک شہر اقتدار میں میڈیا اور تصادم کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی ایم سی) کا انعقاد کرا رہا ہے۔
11 اور 12 فروری کو اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقد کی جانے والی اس کانفرنس کا مقصد ڈیجیٹل دور میں حال کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنا اور مستقبل کی پیش گوئی کرنا ہے۔
میڈیا اور تصادم کے موضوع پر منعقد کی جانے والی اس بین الاقوامی کانفرنس کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ہوں گے جب کہ ان کے ہمراہ وزیراعظم کی مشیر برائے میڈیا اور براڈکاسٹنگ فردوس عاشق اعوان بھی شریک ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: https://urduhumnews.wpengine.com/latest/224656/
بین الاقوامی تصادم اور میڈیا کانفرنس کے اسپیکرز میں کئی مستند نام شامل ہیں جن میں سما ڈیجیٹل کی ایڈیٹر ماہم مہر، انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک ڈائیلاگ (آئی ایس ڈی) کی سینئر پالیسی مینجر جینی کنگ اور ڈان نیوز کے حالات حاضرہ کے پروگرام کے میزبان ضرار کھوڑو شامل ہیں۔
کانفرنس میں میڈیا کو درپیش مسائل مثلاً انتہا پسندی، دہشتگردی اور ملک بھر میں موجود تشدد کے رجحان سے متعلق جدید تحقیق پیش کی جائے گی اور بحث و مباحثہ کے ذریعے اس کا حل تلاش کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی۔
ہم نیٹ ورک کے زیر انتظام منعقدہ بین الاقوامی میڈیا اور تصادم کانفرنس میں یہ اندازہ لگانے کی کوشش کی جائے گی کہ تصادم کی صورت حال میں رپورٹنگ اور امن کی صورت میں صحافت کو کیسے جامعاتی اور میڈیا انڈسٹری میں ادارہ جاتی سطح پر لایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: https://urduhumnews.wpengine.com/latest/225062/
آئی سی ایم سی میں ملک بھر سے اسکالر اور مستند محققین شرکت کریں گے اور اپنی تحقیق اور علم کے ذریعے آن لائن نفرت انگیز گفتگو اور انتہا پسندی سے نمٹنے کا لائحہ عمل بتائیں گے۔
ہم نیوز ڈیجیٹل اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بین الاقوامی کانفرانس برائے میڈیا اور تصادم لائیو نشر کرے گا۔