وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دینے کی تجویز اور سفارش انہوں نے کی تھی۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں اس سوال پر کہ ان کی پسندیدہ اداکارہ کون ہیں انہوں نے بتایا کیا ہے کہ ان کے نزدیک مہوش حیات بہترین اداکارہ ہیں اور میں نے ہی تمغہ امتیاز کے لیے ان کا نام تجویز کیا تھا۔
انہوں نے اپنی ’تجویز‘ کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں مہوش حیات سے اس سے پہلے کبھی نہیں ملا تھا تاہم نام تجویز کرنے کی وجہ ان کی فلموں کا شاندار بزنس کرنا تھی۔
وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے مزید بتایا کہ میں ایوارڈز کے معاملے میں بہت سنجیدہ ہوں اور چاہتا ہوں کہ ایوارڈز ہمیشہ انہی کو ملیں جو اپنے شعبے کے ٹاپرز ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اداکارہ مہوش حیات کو یوم پاکستان کے موقع پر صدارتی تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔
حکومت کے مہوش حیات کو تمغہ امتیاز سے نوازنے کے اس اقدام کو کافی زیادہ پذیرائی بھی ملی تھی تاہم کچھ حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔