جنرل قاسم سلیمانی کا قریبی کمانڈر قاتلانہ حملے میں ہلاک

جنرل قاسم سلیمانی کا قریبی ساتھی قاتلانہ حملے میں ہلاک

فائل فوٹو


تہران: ایران کی پیراملٹری فوج بسیج کے کمانڈرعبدالحسین مجدمی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔

کمانڈرعبدالحسین مجدمی کوصوبہ خوزستان کے شہردرخوین میں گھرکے سامنے نقاب پوش افراد نے نشانہ بنایا۔ پیراملٹری فوج کے سربراہ عبدالحسین مجدمی امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے جنرل قاسم سلیمانی کے ساتھی تھے۔

ایران کی سرکاری خبرایجنسی کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار دو بندوق برداروں نے حملہ کیا، حملہ آوروں کے چہرے ڈھکے ہوئے تھے اور چار گولیاں چلائی گئی ہیں۔

معاملے کی تفتیش جاری ہے تاہم اس حملے کا مقصد فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا لیکن بیسیج یونٹ نومبرمیں اس علاقے میں مظاہرین کے ساتھ پرتشدد جھڑپوں میں ملوث رہا تھا جس میں متعدد مظاہرین زخمی اور ہلاک ہوگئے تھے۔

جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد مجدمی کی ہلاکت کو اسلامی انقلانی گارڈز کور( آئی آر جی سی) کے لئے ایک اور دھچکا سمجھا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکہ نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا تھا تھا۔  جنرل قاسم سلیمانی کو بغداد ایئرپورٹ سے نکلتے وقت نشانہ بنایا گیا جس میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

امریکی محکمہ دفاع نے اس حملے کے جواز میں کہا تھا کہ جنرل سلیمانی عراق میں امریکی سفارتکاروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ جنرل قاسم سلیمانی اور ان کی فوجیں سینکڑوں امریکیوں کی ہلاکت اور ہزاروں کو زخمی کرنے میں ملوث تھے۔


متعلقہ خبریں