اسلام آباد: معروف اداکارہ ماورا حسین نے ذہنی صحت سے متعلق مسائل پر کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی کہانی شیئر کی ہے۔
فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے اپنے ایک پیغام میں ماورا حسین کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ ایک سال سے ذہنی تناؤ کا شکار ہوں مگر اس بیماری کو باعث شرمندگی نہیں سمجھتی۔
انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو ’اک تمنا لاحاصل سی‘، ’سمی‘ اور ’آنگن‘ جیسے ڈرامے دینے والی اداکارہ نے اپنی ذہنی صحت کی جدوجہد کے حوالے سے بتایا کہ وہ 2018 سے اس بیماری کے علاج کیلئے کوشاں ہیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’داسی‘ کی مختصر سی ویڈیو شیئر کی، ساتھ ہی انہوں نے اپنی ذہنی صحت کے متعلق لکھا اور بتایا کہ یہ ڈرامہ ان کے دل کے بے حد قریب ہے۔
ماورا حسین نے اپنے کیپشن میں بتایا کہ ’ہم سب کی زندگی میں مشکل لمحات آتے ہیں، میں بے حد خوش قسمت ہوں کہ میرا کام مجھے میرے غم کا اظہار کرنے کی اجازت دیتا ہے‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں اپنی بیماری پر شرمندہ نہیں ہوں کیونکہ یہ اب میری ذات کا حصہ ہے۔ میرا اپنی ذہنی جدوجہد سے متعلق لکھنے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ جو لوگ بھی ذہنی اضطراب کا شکار ہیں وہ اس پر شرمندہ نہ ہوں بلکہ اس کا مقابلہ کریں۔
اداکارہ ماورا حسین نے لکھا کہ ’اگر آپ کسی مشکل کا شکار ہیں تو آپ بہادر ہیں، اگر آپ کبھی رو بھی رہے ہوں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ کمزور ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر ایک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ ہر آنے والا دن گزرے ہوئے دن سے بہتر ہو گا۔