کوالالمپور سمٹ2019: مسلم ممالک کا باہمی تجارت کیلئے اپنی کرنسی لانے کا اعادہ

کوالالمپور سمٹ: مسلم ممالک کا باہمی تجارت کیلئے اپنی کرنسی لانے کا اعادہ

فائل فوٹو


کوالالمپور: ملائیشیا میں جاری کوالالمپورسمٹ میں شریک مسلم ممالک نے باہمی تجارت کیلئے ڈالر کی بجائے متبادل کرنسی استعمال کرنے اعادہ کیا ہے۔

ترک صدرطیب ارودگان نے کہا ہمیں تجارت میں امریکی ڈالر کی بجائے اپنی کرنسی استعمال کرنے کیلئے ترسیل زر کا نیا نظام بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی جنگ بھی اس دور کا ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس کی ترجیحی دی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسلامی معیشت کو بھی ایجنڈے کا حصہ بنانا چاہیے اور ترکی نے اس پر ابتدائی کام شروع کر دیا ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی اپنی تقریر میں کہا کہ مسلم ممالک کو بھی اپنی کرنسی بنانے پر غور کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک نئی بلاک چین ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے اپنی کریپٹو کرنسی بنا سکتے ہیں۔ حسن روحانی نے کہا کہ کریپٹو کرنسی پر بیوروکریسی اور مارکیٹ کا اتار چڑھاؤ اثر انداز نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی کرنسی کے استعمال سے مسلم ممالک کا امریکہ پر انحصار کم ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ ماضی میں ڈاکٹر مہاتیر محمد نے بھی اسلامی دینار بنانے کا مشورہ دیا تھا۔

یاد رہے کہ کوالالمپور سمٹ میں 52 ممالک کے 400 نمائندے سمیت 250 سیاستدان، صدور اور رہنما شریک ہیں۔

سمٹ 18 سے 21 دسمبر تک ملائیشیا میں جاری رہے گا جس میں  ترک صدر رجب طیب اردگان، قطری امیر شیخ تمیم بن حم آل ثانی اور  ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی شرکت کی ہے۔


متعلقہ خبریں