راولپنڈی: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ دس سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں واپس آئی ہے، خواہش تھی ہمارے گراؤنڈز کی رونقیں بحال ہوں، تمام پلیئرز بہت خوش ہیں، پہلے ٹیسٹ میں فتح حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں گے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی تاہم ہم کوشش کریں گے کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیل کر اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں بہترین صلاحیت کے کھلاڑی موجود ہیں جو میچ میں فتح دلا سکتے ہیں۔
اپنی کارکردگی کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کپتان کا کھیل میں بھی اپنا رول ہوتا ہے، پورا احساس ہے اور کوشش کر رہا ہوں کہ اپنی فارم بحال کروں اور خود بھی بڑا اسکور کروں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں دس سال ہو گئے ہیں، گزشتہ چار سے پانچ سال سے پوری کوشش کرتا ہوں ٹیم کو میچ جتوا سکوں۔
ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کو آسان حریف نہیں لیا جا سکتا ان کی باؤلنگ اور بیٹنگ اچھی ہے،اگر آئی لینڈرز کو ہرانا ہے تو ہمیں ڈسپلن سے کھیلنا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ ہمارا فخر ہے جتنا اچھا کھیلیں گے نتیجہ بھی اچھا ہوگا۔